چیمپئنز لیگ فٹبال کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے ڈراز کا اعلان ہوگیا، سوئٹزرلینڈ کے شہر نیون میں ہونے والی اس تقریب میں تکنیکی خرابی کے سبب یوئیفا نے پہلے نکالے گئے ڈراز کو منسوخ کردیا جس کے بعد دوبارہ سے ڈراز نکالے گئے۔
نیون میں ہونے والی تقریب میں پہلی بار جب ڈراز نکالے گئے تو سافٹ ویئر میں تکنیکی خرابی پیدا ہوجانے کے سبب یوئیفا نے اُن کو منسوخ قرار دے دیا جس کے بعد دوبارہ سے ڈراز نکالے گئے۔
چیمپئنز لیگ فٹبال کا راؤنڈ آف سکسٹین ناک آؤٹ مرحلے پر مشتمل ہوگا جس میں ٹیمیں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلیں گی۔
ناک آؤٹ کا پہلا مرحلہ اگلے برس فروری میں کھیلا جائے گا، ڈراز کے مطابق دفاعی چیمپئن ٹیم چیلسی فرانس کے کلب لیلے کا مقابلہ کرے گی۔
انگلش پریمیئر لیگ فٹبال کے چیمپئن کلب مانچسٹر سٹی کا مقابلہ پرتگال کے کلب اسپورٹنگ لسبن سے ہوگا۔
چیمپئنز لیگ ٹائٹل 6 مرتبہ جیتنے والے کلب لیورل پول کا سامنا تین مرتبہ کے چیمپئن کلب اٹلی کے انٹر میلان سے ہوگا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کو اسپینش لیگ چیمپئن ایٹلیکٹو میڈرڈ کا سامنا کرنا ہے، جبکہ ریال میڈرڈ کو فرانس کے پیرس سینٹ جرمین کے مدمقابل آنا ہے۔
جرمن کلب بائرن میونخ اور سالزبرگ کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ بینی فیکا اور آئی ایکس ناک آؤٹ راؤنڈ میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی اور ویا ریال اور یووینٹس مدمقابل آئیں گی۔
اس ناک آؤٹ راؤنڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اب اوے گول کا قانون ختم کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دونوں مقابلے برابر رہے تو پھر فیصلے کے لیے اضافی وقت دیا جائے گا اس پر بھی کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا تو پھر پنالٹی ککس کے ذریعے فیصلہ ہوگا۔
Comments are closed.