پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں حیدر علی اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ پرفارمنسز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
ویسٹ انڈین کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے بولر عقیل حسین نے صفر پر تجربہ کار بابر اعظم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔
ایسے میں فخر زمان محمد رضوان کا ساتھ نبھانے کے لیے آئے لیکن وہ 10 رنز بنا کر 35 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔
تاہم پھر محمد رضوان اور حیدر علی کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے تو ویسٹ انڈیز کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
دونوں نے 105 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنائی جس کا اختتام 78 رنز بنانے والے محمد رضوان کی وکٹ پر ہوا۔
اس کے بعد ایک طرف سے جہاں وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں ایسے میں حیدر علی نے اپنے کیریئر کی بہترین بلے بازی کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور ان کا ساتھ برق رفتار 30 رنز بنانے والے محمد نواز نے دیا۔
حیدر علی آخری اوور میں 39 گیندوں پر 68 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے 2 جبکہ عقیل حسین، اوشین تھومس، ڈومینک ڈراکیس اور اوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹاس:
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر ویسٹ انڈین کپتان نکولس پوران کا کہنا تھا کہ ہم کنڈیشن دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑی بھی ہیں، ہم آج کچھ اسپیشل کر سکتے ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ دکھنے میں اچھی دکھائی دے رہی ہے، ہم رنز کر سکتے ہیں اور حریف ٹیم پر پریشر ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان ٹیم:
پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، افتخار احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم:
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نکولس پوران، برینڈن کنگ، شائے ہوپ، شمارا بروکس، ڈیوون تھومس، رومین پاول، اوڈین اسمتھ، ڈومنک ڈراکیس، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین اور اوشین تھومس شامل ہیں۔
Comments are closed.