سندھ بھر میں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، انسداد پولیو مہم 13 تا 19 دسمبر جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سوبھراج اسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مہم میں 90 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ اضلاع میں 12 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا کی ویکسین بھی دی جائے گی، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں، ہمارے بچوں کے مستقبل کے لئے یہ موذی مرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہادر پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ ملک کے کونے کونے میں جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں جولائی 2020 سے اب تک ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
اس سے قبل ایک بیان میں ترجمان محکمہ صحت نے کہا تھا کہ سندھ کے 30 اضلاع کے 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پولیو رضا کار گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ کراچی میں پولیو مہم کے دوران 12سال سے زائد کے بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 7 اضلاع کے علاوہ سانگھڑ، حیدرآباد اور خیرپور میں بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جائیگی۔
Comments are closed.