بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی، پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹی 20 آج ہوگا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔

تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے تین گھنٹے بھرپور پریکٹس کی۔ کورونا کے بعد پہلی بار پاکستان میں مکمل گنجائش کے مطابق تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے، امید ہے شائقین اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز ملتوی ہونے سے لگتا تھا کہ اب یہاں کوئی نہیں آئے گا، لیکن ویسٹ انڈیز نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔

ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مہارت رکھتے ہیں، ہم محنت کر رہے ہیں جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران کا کہنا ہے کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ تین کھلاڑیوں کو کورونا ہوگیا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس خود کو ثابت کرنے کا موقع ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد نیا آغاز کررہے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی کا بھی دن ہوسکتا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ کمنٹیٹرز اور پریزینٹر میں بازید خان، ثناء میر، این بشپ، جیف ڈوجن اور سامن ڈول شامل ہیں جبکہ سیریز کے ون ڈے میچز میں کمنٹری مرینا اقبال کریں گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے دیگر 2 ٹی ٹوئنٹی میچز منگل اور جمعرات کو کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز تین صفر اور ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.