اسپینش فٹ بال لیگ میں اسپانیول نے لیوانٹے کو تین کے مقابلے میں چار گول سے مات دے دی، ایلا ویز اور گیٹافے کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا جبکہ ویلنسیا نے ایلچے کو دو ایک کے اسکور سے ہرا دیا۔
اسپانیول اور لیوانٹے کے درمیان میچ میں دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلے اسپانیول نے برتری حاصل کی، لیوانٹے نے اس گول کو برابر کیا، پھر لیوانٹے نے سبقت لی، دوسرے ہاف میں اسے اسپانیول نے برابر کیا، لیوانٹے نے 57ویں منٹ میں پھر گول کرکے اسپانیول کو خسارے میں دھکیل دیا جس کے بعد اسپانیول کے پوآڈو نے 60 ویں اور 76 ویں منٹ میں گول کرکے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ برتری بھی حاصل کی۔
اس دوران لیوانٹے کے زیویئر کو ریڈ کارڈ کے سبب میدان سے باہر جانا پڑا، اسپانیول نے برتری کھیل کے اختتام تک برقرار رکھی جس نے میچ چار تین سے جیت لیا۔
ایلاویز اور گیٹافے کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی دلچسپ رہا جس میں دونوں ٹیمیں میچ ایک، ایک گول سے ڈرا کرنے میں کامیاب رہیں، گیٹافے نے پہلے ہاف میں گول کیا، کھیل ختم ہونے سے کچھ منٹ پہلے ایلاویز نے خسارے کو برابر ی میں بدل دیا۔
دن کے تیسرے میچ میں ویلنسیا نے ایلچے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے دی، فاتح ٹیم کے گول گونکیلو گیوڈیز اور کرسٹیانو پکنی نے بنائے جبکہ ایلچے کا واحد گول لوکاس بوائے نے اسکور کیا۔
Comments are closed.