بنگلادیش کا کامیاب دورہ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم براستہ دبئی کراچی پہنچ گئی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بعض ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر پرواز ای کے 608 کی دبئی سے کراچی کے لیے روانگی میں دو گھنٹے 22 منٹ کی تاخیر ہوئی تھی جبکہ پرواز نے رات 7 بجکر 52 بجے کراچی لینڈ کیا۔
تمام پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر پی سی آر ٹیسٹ لیے گئے۔
پی سی بی حکام کے مطابق کورونا وائرس کی رپورٹس منفی آنے تک تمام کھلاڑی ہوٹل میں قرنطینہ رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم بھی دبئی کے راستے آج دوپہر کراچی پہنچ چکی ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 دسمبر کی شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا میچ 14 دسمبر کو جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق ہفتہ 18 دسمبر کو ایک بجے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کا اگلا میچ 20 اور آخری 22 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے اسٹیڈیم آنے جانے کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
Comments are closed.