وفاقی وزیر برائے خارجہ امور مخدوم شاہ محمود قریشی بلجین ہم منصب کی دعوت پر برسلز پہنچ گئے۔
برسلز انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ، بیلجیم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات کریں گے اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ برسلز میں منعقدہ پاکستان اور یورپی یونین کے چھٹے اسٹریٹیجک مذاکرات کی یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کے ساتھ مشترکہ صدارت کریں گے۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر عملدرآمد، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر 2019ء میں دستخط کے بعد منعقد ہونے والا پہلا بالمشافہ اجلاس ہے۔
وزیر خارجہ برسلز میں واقع، نیٹو ہیڈکوارٹرز جائیں گے اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل یین اسٹولٹن برگ سے ملاقات کریں گے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ بیلجیم سے تعلق رکھنے والے ممبران یورپی پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔
توقع ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ نے گذشتہ روز برسلز پہنچنا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنا پر وہ نہیں آسکے اور آج منگل کے روز وہ یہاں پہنچے ہیں۔
Comments are closed.