کراچی پولیس نے جیو نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ایئر پورٹ سے لاپتہ شہری کا مقدمہ 3 روز بعد درج کرلیا۔
ریحان نامی شہری 2 دسمبر کو جرمنی سے واپس آنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ سے دوست سمیت لاپتہ ہوگیا۔
ریحان عطااللّٰہ 8 ماہ قبل کراچی سے جرمنی پڑھنے کے لیے گیا تھا اور بھائی کی شادی پر یکم دسمبر کو جرمنی سے کراچی کے لیے روانہ ہوا۔
2 دسمبر کو وہ ایئرپورٹ تو پہنچا لیکن گھر نہ آسکا، پولیس سے رابطہ کرنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لیا۔
جیونیوز نے ریحان کےلاپتا ہونے اور پولیس کی جانب سے مقدمہ میں ٹال مٹول کی خبر نشر کی، جس پر پولیس ایکشن میں آگئی اور ریحان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور ریحان کے والد عطاءاللّٰہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ریحان عطااللّٰہ کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ ایئرپورٹ تھانے میں اغواء کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ ریحان سرپرائز دینا چاہتا تھا، جس کی وجہ سے اس نے اپنے دوست ابراہیم کو ایئر پورٹ پر بلایا اور اپنی فیملی کو اطلاع نہیں دی تھی، ریحان اور ابراہیم دونوں ایئر پورٹ سے غائب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے ایئر پورٹ کی سی سی ٹی فوٹیجز میں ریحان کو دیکھا گیا ہے، واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
Comments are closed.