پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ووٹنگ مجموعی طور پرٹھنڈی رہتی ہے، لاہور دیر سے جاگتا ہے، پھر بھی آج پولنگ تیز ہو رہی ہے۔
لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ووٹنگ جاری ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پر امن ماحول رہنا چاہیئے تاکہ عوام ووٹ ڈال سکیں، حکمراں جماعت نے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے، نااہل نہیں ہوئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی ہوتی تو اور بہتر ہوتا، پی ٹی آئی کو پتہ چلتا کہ عوام کو دکھ دینے کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔
این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ نون کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
مسلم لیگ نون کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11 امیدوار اس حلقے میں میدان میں ہیں۔
ضمنی انتخاب میں سیکیورٹی کے لیے اس حلقے میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں جبکہ رینجرز اہلکاروں کا گشت بھی جاری ہے۔
Comments are closed.