چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتساب عدالتوں میں ایک ہزار 386 ارب روپے مالیت کے 1270 ریفرنسز زیرِ سماعت ہیں۔ نیب نے ریفرنسز کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں عدالتوں میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلین ٹری سونامی پر کارروائی جاری ہے جبکہ بی آرٹی کا کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں نیب خیبر پختونخوا کے دفتر آمد پر نیب افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ احتساب عدالتوں میں ایک ہزار 386 ارب روپے مالیت کے 1270 ریفرنسز زیرِ سماعت ہیں، نیب نے ریفرنسز کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں عدالتوں میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کیسز پر نیب پر تنقید ہو رہی ہے ان میں بلین ٹری سونامی پر کارروائی جاری ہے جبکہ بی آر ٹی کا کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالم جبہ کیس پشاور ہائی کورٹ میں تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔
چیئرمین نیب نے بتایا کہ نیب کا جوڈیشل ریمانڈ سے کوئی تعلق نہیں، نیب ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرتا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو ڈی جی نیب خیبر پختونخوا بریگیڈیئر (ر) فاروق ناصر اعوان نے بریفنگ بھی دی۔
جس میں انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں 1999 سے اب تک 56397 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی، 1940 انکوائریاں اور 765 انوسٹی گیشن پر کارروائیاں ہوئیں، 368 ریفرنسز کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ 192 ریفرنسز زیر سماعت ہیں اور نیب اب تک 12 ارب روپے سے زیادہ کی رقم کی ریکوری کر چکی ہے۔
Comments are closed.