مسلم لیگ نون کی رہنما، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں، نہ ہی کوئی کیس ہے، نیب سے جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نیب کے پاس جواب نہیں ہوتا تو حکومت کو آنا پڑتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے پیشی کے موقع پر مریم نواز نے کمرۂ عدالت میں کورٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ اصل مجرم تو حکومت ہے، نیب تو حکومت کا آلۂ کار ہے۔
ثاقب نثار کی آڈو لیک کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کی لیک آڈیو پر چک شہزاد میں پریس کانفرنس کروں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ کیسز حکومت میں بیٹھے لوگوں کی طرف سے بنائے گئے ہیں، نیب جواب کہاں سے دے؟ یہاں فارن فنڈنگ کیس نہیں چل رہا جس میں التواء مانگا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میرے کیس میں التواء نیب مانگ رہا ہے، میں التواء نہیں مانگ رہی، نیب نے کیس کی تیاری کے لیے التواء مانگا ہے۔
نون لیگی رہنما نے کہا کہ اگر وکیل کا کیس سپریم کورٹ میں ہو تو اس نے وہاں پیش ہونا ہوتا ہے، عرفان قادر کا سپریم کورٹ میں کیس ہے، اس لیے وہ آج پیش نہیں ہو رہے۔
ایک موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں نے مریم نواز کو میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا اور کہا کہ یہ کورٹ ہے، یہاں میڈیا ٹاک نہ کریں۔
Comments are closed.