بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہرنائی: مسلح ملزمان کی فائرنگ، 3 کان کن جاں بحق

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس مارواڑ میں فائرنگ اورکان کنوں کی ہلاکت سے 12 گھنٹے تک لاعلم رہی، فائرنگ کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کان کنوں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 3 کان کن جاں بحق ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، واقعے کے اطلاع ملنے پر لیویز اور سیکیورٹی فورسز نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

جاں بحق ہونے والے تینوں کان کنوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہرنائی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی جانب سے ’ہرنائی بچاؤ تحریک‘ کے زیرِ اہتمام مطالبات کے حق میں کوئٹہ ہرنائی قومی شاہراہ پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

’ہرنائی بچاؤ تحریک‘ کے کارکنوں نے ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔

مظاہرین کی جانب سے ضلع میں پانی، بجلی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.