وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے معذرت کر لی۔
الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نازیبا الفاظ اور الزامات کے معاملے میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کیس کی سماعت ہوئی۔
فواد چوہدری الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے کہا کہ اپنے الفاظ پر معذرت چاہتا ہوں، میں نے کسی کو گالی نہیں دی، میں معذرت کرتا ہوں۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نے فواد چوہدری کو ہدایت کی کہ جو آپ کہہ رہے ہیں، تحریری طور پر جمع کرا دیں۔
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے روبرو کہا کہ میں خود وکیل ہوں، شو کاز نوٹس کے چکر میں پڑنا نہیں چاہتا۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل تو عدالت سے لڑائی نہیں کرتے، عدالت کے اندر لڑائی ہوتی ہے، باہر لڑائی نہیں ہوتی۔
فواد چوہدری نے جواب دیا کہ چیف الیکشن کمشنر کا ذاتی احترام ہے، میں کابینہ کا ماؤتھ پیس ہوں، اکثر باتیں وہ کرتا ہوں جو میرے الفاظ نہیں ہوتے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ جو آپ کہہ رہے ہیں وہ تحریری طور پرجمع کرا دیں۔
Comments are closed.