مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز خبر سے نواز شریف، مریم نواز کو نشانہ بنانے کے پس پردہ بڑی سازش بےنقاب ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے سابق چیف جج گلگت بلتستان سے متعلق خبر پر ردعمل میں کہا کہ سچائی منکشف کرنے کا اللّٰہ تعالی کا اپنا طریقہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سچائی کا ظاہر ہونا عوام کی عدالت میں نواز شریف، مریم نواز کی بےگناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
دوسری جانب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنا موقف دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں اس بات سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے ماتحت ججوں کو کسی بھی عدالتی فیصلے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں دیئے چاہے وہ آرڈر نواز شریف، شہباز، مریم کیخلاف ہو یا کسی اور کیخلاف۔
Comments are closed.