پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی بھی قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
شرمیلا فاروقی نے حسن علی کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیا جو کہ اُنہوں نے گزشتہ روز ہی اپنے چاہنے والوں کے لیے ٹوئٹر پر جاری کیا تھا۔
پی پی رہنما نے حسن علی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ سے ناراض نہیں ہیں اور نہ ہی ہم آپ پر الزام لگا رہے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’آپ انسان ہیں، آپ نے کرکٹ کو اپنا دل و جان دیا ہے۔‘
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ ’اس قوم کو تم پر فخر ہے، مضبوطی سے آگے بڑھتے رہیں۔‘
واضح رہے کہ حسن علی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مجھے علم ہے آپ سب میری پرفارمنس سے پریشان ہیں۔
انہوں نے مداحوں کے لیے کہا تھا کہ میں توقعات پر پورا نہیں اتر سکا، مجھ سے زیادہ مایوس نہ ہوں۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ مجھ سے وابستہ توقعات کو تبدیل نہ کریں، میں ہر سطح پر بہترین کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ وقت مجھے مزید مضبوط بنائے گا، سب کے پیغامات اور دعاؤں پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
Comments are closed.