بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شعیب اختر نے نعمان نیاز کو معاف کرکے بڑا پن دِکھایا: علی محمد خان

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی و وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ شعیب اختر نے اینکر پرسن نعمان نیاز کو معاف کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔

گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شعیب اختر نے اپنے اور نعمان نیاز کے معاملے پر بیان جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’سرکاری ٹیلی وژن پر یہ ایک ناخوشگوار واقعہ تھا اور اس نے میرے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی اس لیے مجھے کچھ وقت لگا۔‘

شعیب اختر نے کہا تھا کہ ’اعلیٰ اخلاقی بنیاد پر، میں نعمان نیاز کی معافی قبول کر رہا ہوں۔‘

سابق فاسٹ بولر کے اس بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ ’اس دن جب آپ سے بدتمیزی کی گئی اور آپ نے حسنِ اخلاق اور صبر کا مظاہرہ کیا تھا۔‘

علی محمد خان نے کہا کہ ’آپ بغیر کوئی شدید ردّعمل دئیے شو چھوڑ کر چلے گئے تو آپ نے پوری قوم کی نظر میں اپنی عزت اور بڑھائی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’آج اسی شخص کو معاف کرکے آپ نے ایک بڑے انسان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔‘

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ آپ کی عزت میں مزید اضافہ کرے، آمین۔‘

وزیراطلاعات فوادچوہدری کے گھر پر اینکر پرسن نعمان نیاز اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کے درمیان صلح ہوگئی۔

واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی، پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر اسٹار شعیب اختر شامل تھے۔

ان تمام اسٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات برائے نشریات فواد چوہدری نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور اینکر پرسن نعمان نیاز کی صلح پر شعر سے ردّعمل دیا ہے۔

پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا، لیکن بعد میں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر اسٹار کو لائیو ٹی وی پر شو سے چلے جانے کا کہہ دیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.