بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پنجاب: ڈینگی سے مزید 2 اموات، 345 کیسز

محکمۂ صحت پنجاب نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 345 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صوبائی دارالخلافہ لاہور سے ڈینگی کے 275 نئے مریض سامنے آئے ہیں، اس دوران صوبے بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 2 اموات واقع ہوئیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی سے 27 اور گوجرانوالہ سے 14 ڈینگی وائرس کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں ایک بار پھر ڈینگی بخار نے سر اُٹھا لیا ہے، ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے سیکڑوں کیسز سامنے آچکے ہیں جن کی تعداد زیادہ تر پنجاب میں پائی جا رہی ہے، ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ملک بھر کے لوگوں کا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

محکمۂ صحت پنجاب نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی وائرس کے 21 ہزار 348 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق صرف لاہور سے ہی اب تک ڈینگی کے 15 ہزار 655 کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کے کئی شہروں میں ڈینگی کے کیسز بڑھ رہے ہیں جس سے صورتحال تشویشناک ہورہی ہے، ڈینگی ایک بخار ہے جس کی کچھ عام علامات میں قے، شدید سر درد، متلی، خارش، جوڑوں کا درد، پٹھوں میں درد، آنکھوں میں درد اور سوجن شامل ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب نے مزید بتایا کہ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے 92 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈینگی وائرس کے صوبے کے اسپتالوں میں اس وقت 1 ہزار 724، جبکہ لاہور کے اسپتالوں میں 1 ہزار 219 مریض داخل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.