وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دھرنا دینے کا اصل وقت تب تھا جب فضل الرحمان پہلی بار اسلام آباد آئے تھے، اب اگر یہ دھرنا دینے آئیں گے تو خوار ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو وارم اپ ہوتے ہوتے 6 مہینے مزید لگیں گے۔
وفاقی داخلہ کا کہنا تھا کہ میری جماعت عمران خان کے ساتھ ہے، میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا حامی ہوں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹی ایل پی سے معاہدہ طے ہوچکا ہے، معاہدہ چند دنوں میں سامنے آجائے گا، جو معاملات طے ہوئے ہفتہ 10 دن تک سامنے آجائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 78 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ہی ای سی ایل پر ہیں، ایک اور کیس بھیجا گیا ہے اس میں بھی ای سی ایل پر نام ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن سے گلہ ہے کہ جلسے جلوس دیر سے شروع کیے۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی پر انہوں نے کہا کہ اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دنیا بھر میں ہوا ہے، منہگائی حکومت کا اصل مسئلہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی معیشت امتحان سے گزر رہی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پولیس پر بہت ذمہ داریاں ہیں، پولیس کے جوان کا مورال سب سے زیادہ ہونا چاہیے۔
افغانستان کی صورتحال پر شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے اثرات پاکستان پر ہوں گے۔
Comments are closed.