بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نعمان نیاز اور شعیب اختر کی صلح ہوگئی

وزیراطلاعات فوادچوہدری کے گھر پر اینکر پرسن نعمان نیاز اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کے درمیان صلح ہوگئی۔

سرکاری ٹی وی کے اینکر نعمان نیاز نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شعیب اختر مجھے بہت افسوس ہے جو اسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا، ہماری 30 سال کی دوستی ہے، جو ختم نہیں ہونی چاہیئے۔

نعمان نیاز اور شعیب اختر کی صلح کےموقع پر وزیر اطلاعات فوادچوہدری کے علاوہ سینئر اینکر سلیم صافی بھی موجود تھے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ میں نے تو نعمان نیاز کو واقعے کی رات کو ہی معاف کردیا  تھا مگر بات طویل ہوئی۔

شعیب اختر نے بتایا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ ایم ڈی پی ٹی وی سے بات کرکے میرے خلاف ہرجانے کا نوٹس واپس کروادیں گے۔

شعیب نے کہا کہ میں واقعے کے بعد عوامی ردعمل اور پیار کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے میرا بہت ساتھ دیا۔ 

واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی، پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر اسٹار شعیب اختر شامل تھے۔

ان تمام اسٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے۔

پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا، لیکن بعد میں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر اسٹار کو لائیو ٹی وی پر شو سے چلے جانے کا کہہ دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.