پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پاکستان افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار اور افغان عوام کی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں پائیدار امن و استحکام خطہ میں امن اور ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ عسکری حکام نے ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت، ارکان پارلیمنٹ، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت کو اہم خارجہ امور، داخلی سلامتی، اندرونی و بیرونی چیلنجز، خطے میں تبدیلیوں خصوصاً تنازع کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔
اجلاس میں پاک، افغان سرحد پر بارڈر کنٹرول سسٹم کے بارے میں بھی بتایا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان اور افغانستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا پاکستان افغان عوام کی حمایت اور تائید جاری رکھے گا اور افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ موجودہ حالات افغانستان میں کسی اور انسانی و معاشی بحران کو جنم نہ دیں، اس سلسلے میں پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی ہے، پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام خطے میں امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، اور وزیر اعلی گلگت بلتستان نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے۔
Comments are closed.