کراچی ملیر سٹی پولیس نے کراچی سے چھینے و چوری کیے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرکے مارکیٹوں میں فروخت کرنے والے گروہ کے ایک ملزم عمران شاہ کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے 36 آئی فونز سمیت 80 موبائل فون، ٹیبلٹس اور آئی پیڈز برآمد ہوئے ہیں۔
سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے علاقے میں بس اسٹاپ پر کھڑے ایک مشکوک شخص عمران شاہ کو حراست میں لیا جس کے پاس موجود بیگ سے 36 آئی فونز سمیت 80 سے زائد قیمتی اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور آئی پیڈ برآمد ہوئے۔
عرفان بہادر کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ برا٘مد ہونے والے موبائل فون مارکیٹ میں سپلائی کے لیے لے جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اس کے دیگر ساتھی یہ کام منظم طریقے سے کرتے ہیں۔
ملزم کے مطابق ان کا گروہ چھینے و چوری کئے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کر دیتے ہیں۔ انہیں مارکیٹ میں سستے داموں فروخت کردیا جاتا ہے۔
پولیس تفتیش کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر 7 ساتھیوں کی نشاندہی کردی ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.