بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر اور ٹیسٹ کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
ہربھجن سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کی اور ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔
سابق بھارتی کھلاڑی نے اپنے پیغام میں کہا کہ شعیب ملک نے بڑی کلاس کی بیٹنگ کی ہے، انہوں نے 18 گیندوں پر 54 رنز بنا کر بہترین کھیل پیش کیا۔
آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی بنادیا۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف شعیب ملک نے صرف 18 گیندوں پر اپنی یہ نصف سنچری مکمل کی۔
شعیب ملک نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
اس سے قبل پاکستان کی طرف سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا۔
عمر اکمل نے ایجبسٹن کے مقام پر آسٹریلیا کے خلاف 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اس سے قبل 23 گیندوں پر دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نصف سنچری بناچکے ہیں۔
انہوں نے پہلے 2017 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف جبکہ دوسری مرتبہ 2018 میں سری لنکا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
Comments are closed.