اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو دہشت گرد کہا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے ٹی ایل پی پر بھارت سے فنڈنگ لینے کا الزام لگایا اور اگلے ہی روز تمام مطالبات مان کر معاہدہ کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر سو پیاز اور سو جوتے کھانے والی مثال صادق آتی ہے، پی ٹی آئی نے امن و امان تباہ کردیا ہے اس سے نجات ضروری ہے۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ نالائق اور نااہل ٹولے نے ملکی معیشت اور امن و امان کو تباہ کردیا ہے، اس ٹولے سے نجات میں ہی ملک کی بقاء ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹی ایل پی سے پہلے معاہدہ نو مبر 2020ء میں کیا تھا، پھر ان کے لوگ شہید ہوئے اور اب املاک کا نقصان اور پولیس والوں کو شہید کروا کر اسٹیٹ کی رٹ کو سرنڈر کر کے کالعدم کی پابندی ختم کر کے معاہدہ کرلیا۔
رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ نااہل اور کرپٹ ٹولہ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، پی ڈی ایم نے اپنا شیڈول جاری کردیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم پر ہمارے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اس ٹولے سے نجات کے لیے متحد ہو کر جلسے اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ اس وقت ملکی معیشت آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے، خارجہ پالیسی کا یہ حال ہے کشمیر بھار ت کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی وافر ہونے کے باوجود 160 روپے فی کلو میں بھی دستیاب نہیں ہے۔
Comments are closed.