کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں ڈیوٹی سے گھر پہنچنے والی خاتون اسکول ٹیچر سلمیٰ رضا کو سرِ راہ لوٹ مار کے دوران تشدد کا نشانہ بنانے والے دونوں گرفتار ملزمان کو ملیر پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے شناخت کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 30 اکتوبر کی دوپہر پیش آیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی تھی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق ہفتے کی شب ملیر میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت ملزمان 1 شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ انہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔
عرفان بہادر کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے 1 ملزم زخمی بھی ہوا، تفتیش کے دوران ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گلشنِ اقبال میں واردات کرنے والے ملزمان کے طور پر شناخت کر لیا گیا۔
ملزمان وارث اور افضل نے گلشنِ اقبال میں لوٹ مار کی واردات کے دوران خاتون سلمیٰ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
گلشنِ اقبال پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1295/2021 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا تھا۔
گرفتار ملزمان انتہائی سفاکی سے مزاحمت کرنے والے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور گولی مار دینے سے دریغ نہیں کرتے تھے۔
دونوں ملزمان سے مزید وارداتوں کے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے شہر کے دیگر تھانوں میں مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس ضابطے کی کارروائی عمل میں لا رہی ہے، گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.