مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 1 سے انگلینڈ کے بعد آسٹریلیا بھی سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرگیا ہے اور آخری میچ میں 189 رنز بنانے والی جنوبی افریقی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے گروپ 2 سے پاکستان پہلے ہی فائنل 4 میں جگہ بناچکا ہے اور وہ اپنے گروپ کی ٹاپ ٹیم بھی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے بعد ہوجائے گا۔
انگلش ٹیم گروپ 1 سے سیمی فائنل مرحلے مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم رہی جبکہ اس نے جنوبی افریقی بولنگ لائن کے خلاف بھرپور بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو بھی اگلے مرحلے میں پہنچا دیا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا میچ اس گروپ کا آخری مقابلہ ہے، اس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے انگلینڈ کے لیے 190 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
انگلش ٹیم جو اپنے گروپ کے 4 میچز کی فاتح ہے کو اس میچ میں اپنا رن ریٹ بہتر کرنے کےلیے 87 رنز درکار تھے جبکہ جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کےلیے حریف ٹیم کو 131 رنز سے پہلے آوٹ کرنا تھا۔
انگلش ٹیم نے 87 رنز 11 ویں اوور میں پورے کرلیے اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ 16 ویں اوور کی دوسری گیند پر لیونگ اسٹون نے چھکا مار کر آسٹریلیا کو بھی سیمی فائنل میں پہنچادیا یوں جنوبی افریقا کا ایونٹ میں سفر اختتام کو پہنچا۔
Comments are closed.