چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نواز شریف نعرہ لگا رہے ہیں ’ووٹ کو عزت دو‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دو ورنہ ووٹ کی عزت نہیں ہے۔ جبکہ پیپلزپارٹی نے روٹی کپڑا مکان اور جئے بھٹو کا نعرہ لگا کر سب کچھ چھین لیا۔
وہ پا ک سرزمین پارٹی کی جانب سے پارٹی سلوگن ’’ہم ٹھیک کردیں گے‘‘ کی کراچی میں منعقدہ تقریب اجراء سے خطاب کررہے تھے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم ’’اپنوں کا ووٹ اپنوں کا‘‘ نعرہ لگا رہی ہے، مطلب ان کو ووٹ نہیں دیا تو آپ ان کے اپنے نہیں جبکہ تحریک انصاف نے کہا تبدیلی کو ووٹ دو لیکن تبدیلی کی کوئی وضاحت نہیں۔ آج تبدیلی تباہی بن کر ہمارے سروں پر منڈلا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تین تین دفعہ وزیر اعظم بننے والی جماعتیں چوتھی بار وزیراعظم بننے کیلئے تیار ہیں۔ کیا چوتھی بار وزیراعظم بننے سے تباہ شدہ نظام یکسر تبدیل ہو جائے گا؟
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے حکومت کرنے کے لیے تین بار آصف زرداری کو سندھ گروی میں دیا تھا۔ اب رات کے اندھیرے میں پٹرول کی قیمتیں بڑھا دیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پاکستان میں ایک وزیراعظم اور چار وزراء اعلیٰ کل طاقت، اختیارات اور وسائل پر قابض ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پورے سندھ میں ایک ماڈل یو سی نہیں۔ ہم 2 آئینی تبدیلیاں کروائیں گے اور لوکل گورنمنٹ کے اختیارات آئین میں لکھوائیں گے۔
Comments are closed.