مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہوگیا، شہباز شریف کی درخواست پر احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنسز کی سماعت کے دوران شہبازشریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ کے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بار بار اسپتال جا رہے ہیں۔
اس موقع پر شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میری عدالت سے درخواست ہے کہ 10 دن کا التواء دے دیں کیونکہ بدھ کو مشترکہ اجلاس ہے۔
احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔
احتساب عدالت لاہور کے باہر مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
Comments are closed.