
فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں بہترین کارکردگی پر مبارک باد دینے کے لیے کرکٹر آصف علی کی فیملی کو اپنے دفتر آنے کی دعوت دے دی، تاہم آصف علی کی فیملی نے مصروفیت کی وجہ سے ڈی سی آفس جانے سے معذرت کر لی۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے اسٹاف نے بذریعہ فون کرکٹر آصف علی کے بھائی سے رابطہ کیا اور ان کے بھائیوں اور والد کو کل دوپہر 2 بجے ڈی سی آفس آنے کی دعوت دی۔
آصف علی کی فیملی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس آنے سے معذرت کر لی گئی۔
’جیو نیوز‘ کے رابطہ کرنے پر آصف علی کے بھائی کاشف نے بتایا ہے کہ ان کی فیملی کی مصروفیات کو جانے بغیر ہی ڈپٹی کمشنر آفس نے ملاقات کا وقت طے کر کے میڈیا کو آگاہ کر دیا تھا جبکہ ان کے فیملی ممبران ذاتی مصروفیت کی وجہ سے گھر سے باہر اور بتائے گئے وقت پر دستیاب نہیں تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا بھی یہی کہنا ہے کہ آصف علی کی فیملی نے ڈپٹی کمشنر آفس نہ آنے کی وجہ ذاتی مصروفیات بتائی۔
Comments are closed.