قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر کا کہنا ہے کہ میرا یقین ہے کہ عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے بلا مقابلہ وزیرِاعلیٰ ہوں گے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر نے کہا کہ امید ہے کہ عبدالقدوس بزنجو ناصرف ہمارے مطالبات پورے کریں گے، بلکہ نئی سیاست کی بنیاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو سیاسی جدوجہد کی گئی اتنی ماضی میں کسی اپوزیشن نے نہیں کی، جام کمال حکومت بچانے کیلئے ہر طرح کی سازش کرتے رہے۔
ملک سکندر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ہم39، 40 لوگ کئی دن تک اس عزم کے ساتھ ایک جگہ پر اکٹھے رہے کہ جام کمال کو ہٹانا ہے، اپوزیشن کے مطالبات بھی بلوچستان اور اس کےعوام کے مطالبات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ترجیحات کے مطابق عوامی نمائندوں کو فنڈز کا دیا جانا مطالبے میں شامل رہا ہے، مطالبات میں انتخابی حلقوں میں عوامی نمائندوں کے کردار اور حیثیت کو تسلیم کیا جانا بھی شامل رہا ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن بلوچستان حکومت میں شامل نہیں ہو گی، جام کمال خان کی حکومت کا ختم ہونا ہمارے لیئے خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب عبدالقدوس بزنجو کا جام کمال کے سوا کوئی مخالف نہیں رہا، بی اے پی کے تمام مخالفین عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ آ گئے ہیں۔
قائد حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب عبدالقدوس بزنجو کے راستے میں کسی قسم کی کوئی مشکل نہیں ہے۔
Comments are closed.