قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مقروض رہیں گے۔
بابر اعظم نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ہمارے قومی ہیرو اور اثاثہ کی موت کی خبر سُن کے بہت دُکھ ہوا جنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے لیے وقف کر دی۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات نے ہمیں مضبوط بنایا اور ساتھ ہی فخر کرنا بھی محسوس کروایا۔‘
بابر اعظم نے مزید لکھا کہ ’جناب! آپ کو ہمیشہ محسنِ پاکستان کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور ہم ہمیشہ آپ کے مقروض رہیں گے۔‘
آخر میں بابر اعظم نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی بےشمار خدمات کے لیے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں آج صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔
Comments are closed.