وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 4 ہزار 930 جیل وارڈنز کی بھرتی کی اصولی منظوری دے دی، پہلے مرحلے میں جیل عملے کی ایک ہزار 37 اسامیوں پر بھرتیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے جیلوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خالی اسامیاں پُر کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت جیل نظام میں اصلاحات کے لیے اجلاس ہوا جس میں جیل ملازمین کے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے پریزن پیکیج کو جلد حتمی شکل دینے اور پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ میں قابل عمل ترامیم کی ہدایت کی۔
انہوں نے محکمہ جیل خانہ جات میں 44 ماہر نفسیات کی بھرتی مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیدیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں کیبل نیٹ ورکنگ جلد مکمل کی جائے، قیدی پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی ہوم اور انٹرٹینمنٹ چینل دیکھ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قیدی فون پر دوران کال کوڈ دبا کر شکایت کا اندراج کرا سکتے ہیں۔
Comments are closed.