بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ ہو گئے۔
اس حوالے سے بھارتی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ان کا دورۂ امریکا، امریکا کے ساتھ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، اسٹریٹجک شراکت داروں، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے اور اہم عالمی مسائل پر تعاون کو آگے بڑھانے کا موقع ہو گا۔
بھارتی وزیرِ اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر جاری کیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ وہ امریکی صدر جوبائیڈن کی دعوت پر امریکا کا دورہ کر رہے ہیں، نائب امریکی صدر کاملا ہیرس سے ملاقات میں عالمی امور اور دو طرفہ تعاون پر گفتگو بھی ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ دورۂ امریکا کے دوران امریکی صدر، آسٹریلیا اور جاپانی وزیرِ اعظم کے ساتھ کواڈ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
مودی نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکا کے دورے کا اختتام اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک خطاب کے ساتھ کریں گے جس میں عالمی چیلنجز بشمول کوویڈ 19، وبائی امراض، دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اہم مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
Comments are closed.