کراچی میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والے معروف مزاح نگار اور کالم نویس ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سلطان مسجد فیز فائیو ڈیفنس میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کی تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی جائے گی۔
معروف مزاح نگار اور کالم نویس ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی مختصر علالت کے بعد گزشتہ روز (پیر کو) انتقال کر گئے تھے۔
مرحوم کافی عرصے تک روز نامہ ’جنگ‘ میں بھی کالم لکھتے رہے جبکہ دیگر اخبارات میں بھی ان کے کالم شائع ہوتے رہے۔
مرحوم سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن سے بطور سینئر ڈائریکٹر ریٹائر ہوئے، وہ 27 کتابوں کے مصنف بھی تھے، وہ جامعہ کراچی کے شعبۂ ابلاغ عامہ میں اعزازی پروفیسر بھی رہے۔
ایس ایم معین قریشی کے مضامین اور کالم غیر ملکی اخبارات و جرائد میں بھی شائع ہوتے رہے، انہیں 2 مرتبہ بہترین کالم لکھنے پر اے پی این ایس ایوارڈ بھی دیا گیا۔
حکومت سندھ نے مرحوم کی ادبی خدمات پر انہیں نقد ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے نواز تھا۔
مرحوم آرٹس کونسل آف پاکستان اور پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے بھی رکن تھے۔
2003ء میں ان کے ادبی کیریئر کی گولڈن جوبلی تقریب منائی گئی جس میں انہیں نقد ایوارڈ اور گولڈ میڈل دیا گیا، ان کی ادبی خدمات پر مقالہ بھی لکھا گیا۔
Comments are closed.