وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نوازشریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء فوادچوہدری، اعظم سواتی اور مشیر پارلیمانی امور بار اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا الیکشن کمیشن کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنائیں گے، جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں بھی اصلاحات کے لیے کمیشن بنایا گیا، الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے، الیکشن کمیشن کی منطق عجیب و غریب ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی بھی شخص الیکشن کمیشن سے مطمئن نہیں، اپوزیشن سے کہا کہ آئیں اور ہم سے انتخابی اصلاحات پر بات کریں، شفاف الیکشن کے لیے ہم ٹیکنالوجی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈکوارٹر بن گیا ہے، الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری طرح الیکشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے، جوڈیشل کمیشن نے الیکشن کمیشن کے طریقہ کار اور کردار پر بھی خاصی بات کی، انتخابی اصلاحات کا مسودہ پارلیمان لے کر گئے، اپوزیشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے تو کہتی ہے دھاندلی ہوئی، ن لیگی رہنما ای وی ایم کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کررہےہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شاہد خاقان اینڈ کمپنی سارے معاملے کو متنازع بنارہے ہیں۔
Comments are closed.