بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

روی شاستری عمران خان کے معترف، بہترین کپتان قرار دیدیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیمپئن کپتان اور ملک کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو دنیائے کرکٹ کے بہترین کپتانوں میں سے ایک قرار دے دیا۔ 

 انہوں نے حال ہی میں اپنی کتاب "اسٹارگیزنگ: کھلاڑی میری زندگی میں” شائع کی جس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں جنہیں موجودہ وقت تک دنیا نے دیکھا ہے۔ 

روی شاستری نے لکھا کہ اس میں یہ سمجھنے کی کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے کہ کیوں میں نے عمران خان کو کرکٹ کے بہترین کپتانوں اور کھلاڑیوں میں سے ایک کہا ہے۔ 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ میرے اس نظریے کو بمشکل ہی کسی کوالیفکیشن کی ضرورت ہوگی، عمران خان کے ریکارڈز خود بولتے ہیں، لیکن اگر عمران خان کے لیے مزید کسی گواہی کی ضرورت ہے تو وہ ان کھلاڑیوں کے تجربے سے بھی آسکتی ہے جنہوں نے عمران خان کا مقابلہ کیا تھا۔ 

پرانے پلیئرز سے عمران خان کی کپتانی کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے، کپتان قومی کرکٹ ٹیم

روی شاستری نے لکھا کہ میں نے عمران خان کو پہلی مرتبہ 1978 میں ٹیلی ویژن پر اس وقت کھیلتے ہوئے دیکھا تھا جب بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور عمران خان بھارتی ٹیم کے خلاف کھیل رہے تھے۔ 

اپنی کتاب میں روی شاستری نے مزید لکھا کہ جب آئندہ سیزن میں پاکستان ٹیم بھارت آئی تو میں نے وینکھڈے اسٹیڈیم (ممبئی) میں نارتھ اسٹینڈ میں جگہ پکی کی تھی جہاں سے میں نے عمران خان کی بولنگ سوئنگ اور ریورس سوئنگ پر ان کے کنٹرول کا شاندار مظاہرہ دیکھا تھا۔ 

روی شاستری نے لکھا کہ عمران خان کی سوئنگ بولنگ نے بیٹسمینوں کی زندگی اجیرن کردی تھی، وہ اپنے وقت میں دنیا کے بہترین آل راؤنڈر تھے۔ 

ساتھ میں انہوں نے عمران خان کی بیٹنگ صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ وہ اپنے دور کے بہترین چار آل راؤنڈرز میں بہترین بلے باز تھے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.