بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مہنگائی میں ورکنگ میاں بیوی اپنا مہینہ کیسے گزارتے ہیں؟

ادارہ شماریات کے مطابق تین سال کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 362 روپے مہنگا ہوا ہے۔

گھی 178 روپے فی کلو، چینی اوسطاً 49 روپے فی کلو مہنگی ہو ئی ہے۔

مسلسل مہنگائی کے اس دور میں میاں بیوی دونوں مل کر بھی کمائیں تو پورا نہیں پڑتا۔

مہینہ کیسے گزرتا ہے شوہر چنگیز خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہم دونوں میاں بیوی ملازم ہے مگر اس کے باوجود مہینے کی 15 تاریخ کے بعد ہمارے پاس پیسے نہیں رہتے۔

مسلسل مہنگائی کے اس دور میں 4 ہفتوں کا مہینہ گزارنا مشکل ہوگیا ہے۔

اہل خانہ مل بیٹھیں تو گھر کے اخراجات، بلوں کی پریشانی، بچوں کی فیسوں پر بات ہوتی رہتی ہے، ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے تو کمر ہی توڑ ڈالی۔

بیوی نسیم نے کہا کہ صبح اٹھتے ہیں، سبز ی لینے جاؤ تو ایک ہزار کا نوٹ سمجھ نہیں آتا کہا ں جاتا ہے، ڈیڑھ سو روپے کلو ٹما ٹر ہیں، ہزار روپے میں مشکل سے ایک وقت کا کھانا بنتا ہے اور تنخواہ ہماری وہی کی وہی ہے۔

سودا سلف تو مہنگا ہوا ہی ہے، دواؤں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، گھر میں مریض ہو تو باقی اخراجات ایک طرف، اس کی دیکھ بھال مشکل سے ہوپاتی ہے۔

چنگیز خان کا کہنا ہے کہ میری بچی 22 سال سے بیڈ پر ہے، لیکن میں اے سی نہیں چلا سکتا کہ اے سی چلاؤں گا تو 40 سے 45 ہزار روپے بل آئے گا، اس کی دوائی جو پہلے10، 12 ہزار کی تھی اب 20 ہزار تک کی ہے۔

بیوی نسیم نے کہاکہ اتنا مشکل ہوگیا ہے، اس بجٹ میں کچن چلانا، 10، 15 ہزار کا بل آجاتا ہے، پھر دوائیاں پھر گھر کے دوسرے اخراجات تو کہاں جا کر بات بنتی ہے۔

میاں بیوی دونوں مل کر 60 ، 70 ہزار بھی کما لیں تو مہینہ گزارنا آسان نہیں ہوتا اور اگر گھر کا کرایہ بھی ادا کرنا پڑے تو حساب کتاب اور بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

مسلسل بڑھتی مہنگائی کے اس دور میں میاں بیوی دونوں کمائی کرنے کے باوجود آسانی سے مہینے بھر کے اخراجات پورے نہیں کرپاتے ہر اگلا ہفتہ نئی مشکلات لاتا ہے اور بعض اوقات تو ہمت جواب دینے لگتی ہے اور سمجھ نہیں آتا اب کریں تو آخرکریں کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.