بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں کورونا سے مزید 35 اموات، 932 نئے کیسز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں35 مریض انتقال کرگئے جبکہ 932 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 1232 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں9751 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 932 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 9.6 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں35 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 6910 ہوگئی ہے جو کہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 5544222 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور 432388 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1232 مریض صحتیاب ہوئے، جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 375012 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 86.7 فیصد ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس وقت 50466 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 49453 گھروں میں، 40 آئسولیشن سینٹرز میں اور 973 مریض مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ867 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 79 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 932 نئے کیسز میں سے437 کا تعلق کراچی سے ہے۔ جن میں ضلع وسطی 149، ضلع شرقی 140،ضلع جنوبی 52، ملیر 44، کورنگی 36 اور ضلع غربی میں سے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسی طرح حیدرآباد 120، شہید بے نظیر آباد 49، بدین 45، سانگھڑ 44، سجاول 33، خیرپور 28، ٹنڈو محمد خان 25، میرپور خاص اور ٹنڈو الہ یار 20 ۔ 20، تھر پارکر 19، مٹیاری اور عمر کوٹ 14۔ 14، جامشورو 13، دادو 5، نوشہرو فیروز4، کشمور اور ٹھٹھہ 2 ۔ 2، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر اور قمبر میں 1۔1 نیا کیس سامنے آیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.