بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

تین سال بعد بھی بدعنوانی کا سراغ نہیں ملا، پرویز رشید

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ شریف برادران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف تین سال گزر جانے کے باوجود بدعنوانی کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ 

اپنے بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ تین سال سے ہر سرکاری فائل کنگھالنے کے بعد بھی انہیں کسی بدعنوانی کا سراغ نہیں ملا، یہ نواز شریف اور اُن کے ساتھیوں کے صادق و امین ہونے کی گواہی ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمرانی ٹولے کو پِٹا ہوا الزام لگانے سے پہلے اپنے داغدار دامن پر نظر ڈال لینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کابینہ کے ہر فیصلے کا ہر لفظ اختیارات کے ناجائز استعمال اور عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے الزام میں صداقت ہوتی تو براڈ شیٹ مقدمات میں ہزیمت ان کے ماتھے کا جھومر نہ بنتی۔

پرویز رشید نے کہا کہ ادویات کی من مانی قیمتیں بڑھانے جیسے کئی فیصلے ان کی بدعنوانی کا ثبوت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی طرح میڈیا ٹرائل نہیں بلکہ عدالتی ٹرائل کے لیے کسی اور ثبوت کے محتاج نہیں ہوں گے اور نہ ہی انہیں سزائیں دلوانے کے لیے کسی جج کو بلیک میل کرنے کی ضرورت ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.