سابق کپتان رمیز راجا کا نام بحثیت چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سامنے آنے کے بعد بورڈ اور قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی باتیں شروع ہو گئیں۔
گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے لیے نامزد رمیز راجا نے جدید طرز پر کرکٹ چلانے کے لیے وزیر اعظم کو روڈ میپ دیا ہے اور اس کے لیے تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔
احسان مانی کے چیئرمین کی حیثیت سے مزید کام کرنے سے انکار اور سابق کپتان رمیز راجا کا نام سامنے آنے کے بعد پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔
قانونی اور دیگر معاملات کو سامنے رکھتے ہوئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، کچھ لوگ آن لائن شریک ہوئے۔
اس حوالے سے خبریں گرم ہیں کہ رمیز راجا معاملات کو چلانے کے لیے نئی ٹیم تشکیل دیں گے جو ان کے روڈ میپ کو لے کر آگے بڑھے جس کی انہوں نے پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ بھی دی۔
رمیز راجا نے عندیہ دیا ہے کہ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے تبدیلیاں ناگزیر ہوں گی۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پروگرام کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔
دوسری جانب ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل لانے کا وعدہ رمیز راجا نے پیٹرن ان چیف سے کیا ہے، اس کے لیے وہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کے طریقہ کو تبدیل کریں گے۔
ورلڈکپ سر پر ہونے کی وجہ سے کچھ پلان ضرور کیا جائے گا لیکن مصباح الحق اینڈ کمپنی سے رمیز راجا مطمئن نہیں، وہ جدید طرز کا غیر ملکی کوچ لائیں گے۔
رمیز راجا کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ اینڈی فلاور سے متاثر ہیں، وہ سابق سی او او سبحان احمد سے بھی رابطے میں ہیں جبکہ مدثر نذر کی گراس روٹ پر کارکردگی کو وہ سراہتے رہے ہیں۔
Comments are closed.