بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رمیز راجہ نے بےشرمی سے بھارتی بالادستی قبول کی تھی، سرفراز نواز

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز نے رمیز راجہ کو ممکنہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا چیئرمین بنانے کی مخالفت کردی۔ 

انہوں نے ماضی میں رمیز راجہ کی بگ تھری کی طرف جھکاؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ "اس نے ماضی میں بھارت کی کرکٹ میں بالادستی کو قبول کیا تھا۔”

خیال رہے کہ پی سی بی کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کی مدت 25 اگست کو اختتام پذیر ہورہی ہے۔ 

نئے چیئرمین پی سی بی سے متعلق یہ افواہیں گردش کرتی رہی ہیں کہ آئندہ چیئرمین پی سی بی کے لیے سابق کپتان رمیز راجہ مضبوط امیدوار ہیں۔ 

تاہم اب سرفراز نواز اس بارے میں علیحدہ ہی رائے رکھتے ہیں جبکہ وہ رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے بھی مخالف ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں رمیز راجہ روایتی حریف بھارت کے حق میں بات کرچکے ہیں۔

دوسری جانب سرفراز نواز نے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر زور دیا ہے کہ وہ رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری نہ کریں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے خط میں سرفراز نواز نے لکھا کہ میڈیا میں خبریں زیر گردش ہیں کہ آپ رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے والے ہیں، آپ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف ہیں اور یہ آپ کے اختیار میں ہے کہ آپ کسی کو بھی چیئرمین پی سی بی بنائیں۔  

ان کا خط میں کہنا تھا کہ رمیز راجہ نے ماضی میں بے شرمی سے بھارت کے حق میں بات کی تھی اور کرکٹ میں بھارتی بالادستی کو قبول کرتے ہوئے پاکستان کو یہ مشورہ دیا تھا کہ پاکستان بھی بھارت کے کرکٹ میں انتہاپسند منصوبے کو قبول کرے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.