بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت کی اینٹی اسٹیٹ رپورٹ کی ساکھ پر سوالات اٹھ گئے

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گذشتہ روز اینٹی اسٹیٹ رپورٹ پر سوالات اٹھائے گئے۔

پروگرام میں اینٹی اسٹیٹ رپورٹ کے معاملے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری اور میزبان شاہ زیب خان زادہ کے درمیان تکرار ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جتنی پابندیاں موجودہ دورِ حکومت میں ہیں، مارشل لاء ادوار میں بھی نہیں تھیں۔

پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ  میں اینکر نے سوالات اٹھائے کہ ٹوئٹس میپ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ان کی کلائنٹ ہی نہیں ہے، تو کیا وہاں سے ڈیٹا قانونی طور پر حاصل نہیں کیا گیا؟، ایپس میں کئی جگہ دکھایا گیا کہ پاکستان کا نقشہ، سرکاری نقشہ ہی نہیں ہے، نقشے میں کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں کس کا نام آیا وہ بات اہم نہیں ہے، اہم بات یہ ہے کہ ان ٹرینڈز کو بھارت کے اندر سے بڑھاوا دیا گیا، ابھی اوربھی ڈیٹا آرہا ہے، بہت لوگوں کے کارنامے سامنےآئیں گے۔

اس پر فواد چوہدری نے شاہ زیب خان زادہ سے کہا کہ آپ ہندوستان کی محبت میں باؤلے کیوں ہوئے جارہے ہیں، سوال یہ ہے کہ ٹوئٹس کہاں سے ہورہی ہیں؟۔

اس پر شاہ زیب خان زادہ نے کہا کہ آپ پرسنل ہوکر سوالات اٹھا رہے ہیں لیکن میں آپ کی حب الوطنی پر سوالات نہیں اٹھاؤں گا، رپورٹ پر سوالات اٹھاؤں گا کہ کیا حکومت نے رپورٹ پڑھ کر صحیح تجزیہ کرکے پریس کانفرنس کی تھی یا ایسے ہی کر دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.