بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ: 24 گھنٹوں میں کورونا سے 40 افراد کا انتقال

صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 40 افراد انتقال کر گئے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 3 ہزار 964 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 275 ہو گئیں۔

ترجمان محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 66 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 856 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 81 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 5 ہزار 25 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 5 فیصد ہو گئی۔

سندھ بھر میں اس دوران مجموعی طور پر 13 ہزار 44 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے گئے، جن میں سے 1 ہزار 390 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر اور سندھ کے دارالخلافہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 21 اعشاریہ 89 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 134 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 905 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 کروڑ 47 لاکھ 96 ہزار 64 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 43 لاکھ 27 ہزار 103 ہو گئیں۔

حیدر آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 15 اعشاریہ 92 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

حیدر آباد میں اس دوران 1 ہزار 131 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیئے گئے، جن میں سے 180 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ سندھ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی شرح 3 اعشاریہ 92 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد زعیم ضیاء کا کہنا ہے شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 5 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا کے لیے مختص 46 فیصد وینٹی لیٹرز پر مریض زیرِ علاج ہیں۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں اس دوران 7 ہزار 779 کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 305 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.