بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرکے دکھائیں گے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرکے دکھائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری اور سابق گورنر عبدالقادر بلوچ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، ہم بلوچستان سے جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرکے دکھائیں گے۔

سابق گورنر بلوچستان عبدالقادر بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیاہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم آج بلوچستان سے نواب ثنا اللہ زہری، عبدالقادر بلوچ سمیت بہت سے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا چہرہ سب نے دیکھ لیا، عام آدمی پہچان چکا، تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تبدیلی والوں کی نظریں صوبوں کے وسائل اور حقوق پر ہیں، پیپلز پارٹی جانتی ہے کہ حقوق کا دفاع کیسے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور بلوچستان میں حکومت بناکر یہاں کے مسائل کا حل بھی نکالیں گے، ہم ایک دوسرے کو طاقت دیں گے اور جدوجہد کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنے والد کی پارٹی میں جارہا ہوں۔

دوران خطاب پی پی چیئرمین نے بلوچستان کے ہر ضلع میں تنظیم کو فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب شانہ بشانہ رہے ہیں، اور مل کر کام کریں گے، آپ نے شہید ذوالفقار بھٹو کا ساتھ دیا تھا اور تاریخ رقم کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے عوام کو ان کے حقوق دلائے تھے، ہم نے غریب خاندانوں کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ساری جماعتیں آپ سے آپ کے حقوق چھیننے کی کوشش کررہی ہیں، ثناء اللہ زہری، عبدالقادر بلوچ ہمارےساتھ ہیں، ہم بلوچستان کے ہر ضلع میں پہنچیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو لوگوں کے حقوق کا دفاع کرسکتی ہے، ہم جانتے ہیں کہ بلوچستان کے حقوق کیسے پورا کرنے ہیں، ہم نے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہید بےنظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ آزاد ماحول میں جئے، ہم ایسی حکومت لائیں گے جو پاکستانی عوام کی خدمت کرسکے، ہم نے پارٹی کی تنظیم نو شروع کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.