اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانے جیسے چل رہے ہیں اس طرح مزیدنہیں چل سکتے، سفارتخانے اوورسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔
وزیر اعظم نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفراء سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، کسی بھی صورت تنگ نہ کیا جائے، سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ پن سے محفوظ رہا۔
عمران خان نے پاکستانی سفارتخانوں کی مانیٹرنگ کیلئے سیل قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سفرا کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کسی بھی صورت تنگ نہ کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں کچھ پریشان کن صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد عملے اور سفیر کو وطن واپس بلالیا ہے،جو سفیر اچھا کام کریں گے ان کی تعریف کریں گے، غلط کام پر کارروائی ہوگی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانوں سےاپنےشہریوں کو17مختلف خدمات فراہم کی جاتی ہیں،پاکستان سٹیزن پورٹل پربھی پاکستانی سفارتخانے سےمتعلق شکایات ملیں،سعودی عرب میں پاکستان سفارتخانےکافیڈ بیک مانگاتو حیران کن تھا،خواہش ہےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں سےسفیروں کارویہ اچھا ہو۔
Comments are closed.