ہیلین طوفان سے امریکی ریاستوں فلوریڈا، جارجیا، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی، ورجینیا اورشمالی کیرولائنا میں کم از کم 225 اموات ہوئیں۔امریکہ کی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرئک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے اگست میں اپنی تنبیہ میں خبردار کیا تھا کہ ’ماحولیاتی اور سمندری حالات نے سمندری طوفانوں کے ایک انتہائی فعال سیزن کے لیے ماحول بنا دیا ہے‘ اور اس دوران ریکارڈ تعداد میں طوفان آ سکتے ہیں۔
کب ایک سمندری طوفان ’ہریکین‘ بن جاتا ہے
اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
2024 میں زیادہ سمندری طوفان آنے کی وجہ کیا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی جزوی ذمہ داری سمندر کی سطح کے ریکارڈ درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ علاقائی موسمی نمونوں میں ممکنہ تبدیلی بھی ہے۔ال نینو موسمی نمونے کا کمزور ہونا اور ممکنہ طور پر لا نینا میں تبدیل ہونا بحرِ اوقیانوس میں ان طوفانوں کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرتا ہے۔این او اے اے میں سمندری طوفانوں کے ماہر میتھیو روزن کرانس کا کہنا ہے کہ ’جون کے آخر میں اور جولائی 2024 کے اوائل میں آنے والے سمندری طوفان بیرل نے بحر اوقیانوس کے طاس میں کئی دیرینہ ریکارڈ توڑ دیے، اور ہم ایک فعال موسم کی موسمیاتی علامتوں کو مسلسل دیکھ رہے ہیں۔‘ بحرِ اوقیانوس کے برعکس، این او اے اے نے پہلے ہی وسطی بحرالکاہل کے علاقے میں ’معمول سے کم‘ سمندری طوفانوں کی پیش گوئی کی تھی۔
سمندری طوفانوں کو نام کیوں دیے جاتے ہیں؟
کسی سمندری طوفان کا نام کیا ہو گا اس کا تعین ان چھ فہرستوں کی مدد سے کیا جاتا ہے جو ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے تیار کی ہیں اور جنھیں ہر چھ سال بعد ری سائیکل کیا جاتا ہے۔ڈبلیو ایم او کا کہنا ہے کہ سمندری طوفانوں کا نام دینا انتباہات کو عوام تک پہنچانے، انھیں خبردار کرنے اور ان کے لیے تیار کرنے کا تیز ترین طریقہ ہے۔2024 میں بحر اوقیانوس کے سمندری طوفانوں کے نام یہ ہیں: البرٹو، بیرل، کرس، ڈیبی، ارنسٹو، فرانسین، گورڈن، ہیلین، آئزک، جوائس، کرک، لیزلی، ملٹن، نادین، آسکر، پیٹی، رافیل، سارہ، ٹونی، ویلری، اور ولیم.
ماحولیاتی تبدیلی کیسے سمندری طوفانوں پر اثر ڈال رہی ہے
اگرچہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زیادہ سمندری طوفان بن رہے ہیں لیکن یہ زیادہ طاقتور طوفانوں کے آنے کے امکان بڑھا رہی ہے اور شدید بارشیں لا رہی ہے۔مثال کے طور پر، یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2005 میں امریکہ کے سب سے مہلک طوفانوں میں سے ایک سمندری طوفان کترینا سے آنے والے سیلاب کی بلندی 1900 کے موسمیاتی حالات میں آنے والے ایسے ہی سیلاب سے 15 سے 60 فیصد تک زیادہ تھی۔سمندری طوفان بارش اور ساحلی سیلاب جیسے دیگر بڑے خطرات کا باعث بنتے ہیں جو عام طور پر موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ بگڑ رہے ہیں۔دریں اثنا، سمندری طوفانوں سے سطح سمندر میں قلیل مدتی اضافہ اب زیادہ تیزی سے ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سمندر کی سطح اب بلند ہے، جس کی بنیادی وجہ گلیشیئرز کا پگھلنا اور گرم سمندر ہیں۔ٹیکساس کی اے اینڈ ایم یونیورسٹی میں ماحولیاتی سائنس کے پروفیسر اینڈریو ڈیسلر کا کہنا ہے کہ ’سمندر کی سطح میں اضافہ سیلاب کی کل گہرائی کو بڑھاتا ہے، جس سے آج کے سمندری طوفان ماضی کے طوفانوں کے مقابلے زیادہ نقصان دہ ہیں۔‘فعال پیشن گوئی کو دیکھتے ہوئے، محققین عوام کو ان خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں جو ان طوفانوں سے لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان میں خاص طور پر تیزی سے شدت اختیار کرنے والے واقعات شامل ہیں جہاں سمندری طوفان کی ہوا کی رفتار بہت تیزی سے بڑھ جاتی ہے اور اس لیے یہ خاص طور پر خطرناک ہو سکتے ہیں۔امریکہ میں روون یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر آندرا گارنر بتاتی ہیں، ’ہم پہلے ہی مجموعی طور پر بحرِاوقیانوس کے سمندری طوفانوں کی شدت میں اضافے کی شرح کو تیزی سے بڑھتا دیکھ رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ ہماری ساحلی برادریوں کے لیے خطرات کے بڑھتے ہوئے امکانات واضح ہیں۔‘ان کے مطابق ’طوفانوں کی شدت میں تیزی کی پیشن گوئی کرنا اب بھی مشکل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ہماری ساحلی برادریوں کی حفاظت کے چیلنجز میں اضافہ ہوتا ہے۔‘
کیا دنیا بھر میں زیادہ سمندری طوفان آ سکتے ہیں؟
اقوام متحدہ کے آب و ہوا کے ادارے آئی پی سی سی کے مطابق، عالمی سطح پر استوائی طوفانوں کی تعداد میں اضافے کا امکان نہیں ہے۔لیکن جیسے جیسے دنیا گرم ہو رہی ہے، اس کا کہنا ہے کہ ’بہت امکان‘ ہے کہ ان میں بارش کی شرح اور ہوا کی رفتار زیادہ ہو گی۔ اس کا مطلب ہے کہ طوفانوں کا زیادہ تناسب سب سے شدید زمروں، چار اور پانچ تک پہنچ جائے گا۔جتنا زیادہ عالمی درجہ حرارت بڑھے گا، یہ تبدیلیاں اتنی ہی شدید ہوں گی۔آئی پی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رہے تو درجہ چار اور پانچ تک پہنچنے والے استوائی طوفانوں کے تناسب میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ دو سینٹی گریڈ پر یہ 13 فیصد اور چار ڈگری سینٹی گریڈ پر 20 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.