بیوی کی باتیں سن کر 17 لاکھ ڈالرز کمانے والا شخص دھوکہ دہی کا مجرم قرار،تصویر کا ذریعہGetty Imagesایک گھنٹہ قبلامریکہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی باتیں سن کر 17 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں لیکن انھیں اس کے لیے دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزامات کا سامنا ہے۔ امریکہ میں کاروباری ہیرا پھیری کی روک تھام کے لیے ذمہ دار یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ایک شخص پر بیوی کی کاروباری گفتگو سن کر غیر قانونی طور پر 17 لاکھ ڈالرز منافع کا الزام لگایا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹیلر لوڈن کی اہلیہ دنیا کی تیل کی بڑی کمپنییوں میں سے ایک بی پی میں ملازم ہیں اور گھر سے کام کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، لوڈن نے اپنی بیوی کو دورانِ کاروباری گفتگو بات کرتے سنا کہ بی پی ’ٹریول سینٹرز امریکہ‘ کو حاصل کرنے جا رہا ہے۔ اس معلومات کے حصول کے بعد لوڈن نے کمپنی کے حصص خرید لیے۔کمیشن کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ معلومات خفیہ تھیں اور عوامی معلومات کا حصہ نہیں تھیں۔

امریکی قانون کے مطابق جب کوئی شخص کسی پبلک کمپنی کی حصص کی خرید و فروخت ان معلومات کی بنیاد پر کرے جو عوام کے لیے دستیاب نہیں اور اس سے منافع کماتا ہے تو یہ کام سٹاک مارکیٹ میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے زمرے میں آتا ہے۔ لوڈن کی بیوی بی پی کی انٹیگریشن ڈپارٹمنٹ کے مینیجرز میں سے ایک ہیں اور ’ٹریول سینٹرز آف امریکہ‘ کی بی پی میں انضمام کے پروجیکٹ میں شامل تھیں۔مانیٹرنگ ایجنسی کے مطابق، بی پی کے ٹریول سینٹرز امریکہ کے ساتھ معاہدے کی خبر کی اشاعت سے قبل لوڈن نے اپنی اہلیہ کے علم میں لائے بغیر ٹریول سینٹرز کے 46,450 شیئرز خریدے تھے۔دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدے کے اعلان کے بعد، ٹریول سینٹرز کے حصص کی قیمت میں 71 فیصد اضافہ ہوا۔ بعد ازاں، لوڈن نے اپنے خریدے ہوئے تمام حصص بھاری منافع پر فروخت کر دیے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے منافع کے بارے میں چھان بین کا سامنا کرنے کے بعد لوڈن نے اپنی بیوی سے ان شیئرز کی خریداری کا اعتراف کیا۔انھوں نے اپنی بیوی کو بتایا کہ وہ اتنا پیسہ کمانا چاہتا تھے کہ ان کی اہلیہ کو لمبی شفٹوں میں کام کرنے کی ضرورت نہ رہے۔ تاہم، ان کی بیوی نے سٹاک کی خریداری کے بارے میں اپنے شوہر کے اعتراف کے بارے میں بی پی میں اپنے باس کو آگاہ کردیا۔بی پی کو اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ لوڈن کی اہلیہ نے ٹریول سینٹرز کے ساتھ بی پی کے معاہدے کے بارے میں معلومات اپنے شوہر کو فراہم کی تھیں، اس کے باوجود ان کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ لوڈن کی بیوی نے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا کہنا ہے کہ لوڈن نے الزامات سے انکار نہیں کیا اور جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ لوڈن کو مجرمانہ الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔
BBCUrdu.com بشکریہ

body a {display:none;}