بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں میرے خلاف ایک آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا۔
راولپنڈی میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی کو ختم کرنے کے فیصلے سے متعلق سوال کے جواب میں جواب دینے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں میرے خلاف ایک آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے سوال اٹھایا کہ کیا میں آفس بوائے کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کروں گا؟
صحافی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی ختم کردی ہے اس پر کیا کہیں گے؟ جس کے جواب میں عمران خان کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات نہیں کروں گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ تاحیات نااہلی ختم ہونے سے ہوسکتا ہے مستقبل میں آپ کو بھی فائدہ ہو جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے مخالفین پر جو کیس بنائے گئے تھے وہ ہم نے نہیں بنائے، پہلے کے بنے ہوئے تھے۔
جب ان سے شیخ رشید کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ ہماری سیاسی ٹیم کرے گی کہ کون سا امیدوار کہاں کھڑا کرنا ہے۔
Comments are closed.