جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے جاپانی شہریوں کی مدد کر کے جاپانی عوام کے دل جیت لیے۔
اس حوالے سے تویاما میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پہل کی ہے جس کی پاکستانی سفیر نے بھی تعریف کی ہے۔
حالیہ زلزلے سے تویاما کے بعض علاقے بھی شدید متاثر ہوئے تو مسلم ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھاری امداد جمع کی اور اسے جاپانی سیلف ڈیفنںس فورس کے حوالے کیا جو ان علاقوں میں پھنسے جاپانی شہریوں کو امداد پہنچائے گی جہاں سڑکوں کی تباہی کے سبب جاپانی شہری پھنس کر رہ گئے ہیں۔
اس حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف تویاما مسلم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رکن لالہ رفاقت خان نے بتایا کہ تنظیم کے تمام پاکستانی بھائیوں نے مشترکہ طور پر بڑی تعداد میں کھانے پینے کی اشیا، کمبل، دوائیاں، خشک خوراک اور پیمپرز سمیت روزمرہ استعمال کی اشیا کا پورا ٹرک بھر کر جاپانی حکام کے حوالے کیا ہے جبکہ یہ تنظیم زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے رضا کار بھیجنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں گزشتہ پانچ دنوں سے پانی اور بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کا سامنا بھی ہے اور شہر میں صورتحال بدستور نازک ہے۔
جاپانی فوجی دستے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے پانی کے راستوں کا استعمال کرتے ہوئے امداد اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کر رہے ہیں۔
Comments are closed.