جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

تحریک انصاف کا المیہ ہے وہ مخمصے سے نکل نہیں رہی، سینیٹر عرفان صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 9 مئی کرنے کے بعد خود کو سیاسی جماعت کہہ رہی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جیو نیوز سے گفتگو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کا المیہ ہے کہ وہ مخمصے سے نکل نہیں رہی، پی ٹی آئی نے جو ماضی میں کیا اُسے بھول جاتے ہیں لیکن 9 مئی کو کیسے بھول جائیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کوئٹہ سے لے کر چکدرہ تک منصوبہ بندی سے حملے کئے، کور کمانڈر کا گھر جلایا گیا جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا۔

عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ یہ سب کچھ کرنے کے بعد تحریک انصاف خود کو سیاسی جماعت کہہ رہی ہے، یہ چاہتےہیں جو کچھ رہ گیا ہے وہ دوبارہ منتخب ہو کر آئیں اور جلائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اپنے بانی کو مسترد کردیا تھا، وہ ایک جماعت ہے جو بانی کے بغیر بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ تحریک انصاف امن سے آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے الیکشن لڑے تو کوئی رکاوٹ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے 9 مئی کو جو ہوا اسے اپنا اعزاز سمجھتے ہیں، آج اگر کہیں کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں تو کل منظور ہو جائیں گے۔

عرفان صدیقی نے استفسار کیا کہ تحریک انصاف والے الیکشن میں آکر کرنا کیا چاہتے ہیں؟ وہ جو 9 مئی کو کیا تھا؟

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے کوئی پریشانی نہیں، ان کے کاغذات نامزدگی جمع ہوگئے ہیں، پارلیمنٹ کے قانون کے مطابق نواز شریف کی نااہلی کی مدت پوری ہو چکی ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ الیکشن انشاء اللّٰہ مقررہ وقت پر ہوں گے اور ایک مضبوط حکومت آئے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.