جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ایلون مسک پھر سے دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ایک بار پھر سے دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں سال 2023ء میں 1.5 ٹریلین ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کی دولت سال 2023ء میں 95 بلین ڈالرز کے اضافے کے بعد 248  بلین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں اضافہ ان کی کمپنی ٹیسلا میں ان کے 12.95 فیصد شیئرز کی بدولت ہوا اور دنیا کی سب سے مہنگی اس کار ساز کمپنی نے سال2023ء کا اختتام 248 ڈالرز پر کیا جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 130 فیصد زیادہ ہے۔

ایلون مسک مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اپنے کچھ ٹوئٹس پر تنازعات کا شکار بھی ہوئے جس کی وجہ سے ان کی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوئی لیکن اس کے باوجود بھی ان کی دولت میں اضافہ ہوا اور وہ ایک بار پھر سے دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر اُبھرے۔

دوسرے نمبر پر فرانس کی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ ارنالٹ کے اثاثوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

برنارڈ ارنالٹ کی دولت میں 126 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے بعد ان کے اثاثوں کی مالیت 179 ارب ڈالرز ہو گئی ہے اور ایلون مسک کے بعد وہ دنیا کے  دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ایمزون کے بانی جیف بیزوس کے اثاثوں میں 2023ء میں 1.4 ارب ڈالرز کی کمی ہوئی جس کے بعد وہ 177 بلین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کی شخصیات کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کے اثاثوں میں سال 2023ء میں 217 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 141 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.